• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی میں پھر تنازع ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ سے قبل بھارتی ترانہ چل گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ایک بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں تنازع کا شکار ہوگئی ہے۔لاہور میں ہفتے کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ سے قبل اچانک بھارت کا ترانہ چل گیا۔آسٹریلیا اورانگلینڈ میچ میں بھارت کا ترانہ کیسے چلا، پی سی بی نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کر لی، بھارتی ٹیم آہی نہیں رہی تو ترانہ کیسے چل گیا۔بھارت کا قومی ترانہ چلنا اس لئے حیران کن ہے کیوں کہ بھارتی ٹیم پاکستان آکر کوئی میچ نہیں کھیل رہی اس لئے بد انتظامی سمجھ سے بالا تر ہے۔پی سی بی نے اس بارے میں سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ترانے کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی تھی، بھارت کے پاکستان میں نہ ہونے کے باوجود بھی آئی سی سی نے پلے لسٹ میں بھارت کا ترانہ رکھا، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں ترانہ چلانا آئی سی سی کی سنگین غلطی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ کا معاملے پر آئی سی سی سے رابط ہوا ہے، معاملے کی وضاحت طلب کرلی، پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف پاکستان بلکہ ہر کسی کو اس غلطی پر وضاحت دی جائے، آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے، ہر چیز کو کنٹرول کرنا آئی سی سی کی ذمے داری ہے، قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھاکہ دبئی میں بھارت اور بنگلہ دیش میچ میں براڈ کاسٹ کے دوران گراونڈمیں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کا درست لوگو استعمال نہیں ہوا تھا جس پر پی سی بی نے آئی سی سی سے احتجاج کیا تھا ۔ادھر محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت اچھا مقابلہ ہوگا، پاکستان ٹیم پوری طرح تیار ہے، چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہے، لیکن انشا اللہ پاکستان جیتے گا۔یہ جیت پاکستان کیلئے بڑا انعام ہوگا، دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اس ٹورنامنٹ کا آرگنائزر ہے۔

اہم خبریں سے مزید