• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح روڈ پر پارکنگ کی اجازت نہ ملی تو دھرنا دیا جائیگا‘ مرکزی انجمن تاجران

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا ہے کہ جناح روڈ کوئٹہ پر پارکنگ کی اجازت نہ ملی تو منگل 25 فروری کو دوپہر 12 بجے منان چوک پر دھرنا اور جناح روڈ پر کاروبار مکمل طور پر بند کیا جائے گا،اس کے بعد بھی پارکنگ کی اجازت نہ ملی تو کوئٹہ میں مکمل شٹر ڈائون کریں گے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر حضرت علی اچکزئی ، میر یٰسین مینگل ، حاجی محمد فضل کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ صوبائی حکومت آئی تب سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بدامنی ، دہشت گردی ، بے روزگاری قومی شاہراہوں کی بندش روز کا معمول بن چکا ہے ، عام لوگ اور تاجر مسائل و مشکلات سے دو چار ہیں ۔ دوسری جانب کوئٹہ کی حالت زار بہتر بنانے کی بجائے اس کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ،شہرکے اہم تجارتی مرکز جناح روڈ پر سٹی نالہ سے منان چوک تک روڈ کو دونوں اطراف سے نو پارکنگ قرار دے کر تاجروں اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا گیا اور تاجروں و شہریوں کو پابند کیا جارہا ہے کہ وہ سرکلر بس اڈہ پارکنگ میں گاڑیاں پارک کریں، خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو بھی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تو ایسے میں لوگ کیسے خریداری کریں گے ، ایک جانب رمضان المبارک کی آمد ہے اور اس کے بعد عیدالفطر کے موقع پر خریداری کے لئے آنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ تاجروں نے عید کے لئے کروڑوں روپے کا سامان منگوا رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر جناح روڈ پر پارکنگ کی اجازت نہ ملی تو منگل 25 فروری کو دوپہر 12 بجے منان چوک پر دھرنا اور جناح روڈ پر کاروبار مکمل طور پر بند رہے گااگر اس کے بعد بھی حکومت نے مطالبے پر عملدر آمد نہ کیا توکوئٹہ میں مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید