• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میچ دیکھنے کیلئے بڑی اسکرینیں نصب، قیدیوں کیلئے بھی انتظامات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اتوار کو چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں شائقین کی دل چسپی، جنون جوبن پر رہا، کراچی میں سڑکوں پر ٹریفک معمول سے خاصا کم رہا۔گلی محلوں کے دوکان دار بھی گاہکوں کے منتظر رہے، محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے کرا چی کے مختلف اضلاع ، شہید بے نظیر آباد سمیت کئی اور شہروں میں بڑی اسکرینز لگائی تھیں۔ کراچی پریس کلب، مختلف یونیورسٹی کے جمنازیم میں بھی میچ دیکھنے کے لئے اسکرین نصب کی گئی تھی، جبکہ محلوں اور گلیوں میں بھی نوجوانوں نے میچ دیکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔شہر میں کئی تقریبات بھی میچ کی وجہ سے منسوخ کردی گئی ۔ نوجوانوں نے پاکستان ٹیم کی جرسی زیب تن کرکے میچ کا لطف اٹھایا ، وہ پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے، میچ کے دوران چائے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔کراچی سمیت سندھ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کوپاک بھارت کرکٹ میچ دکھانےکیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سڑکوں پر موجود سیکیورٹی اہلکار بھی موبائل فون پر میچ سے آ گہی میں مصروف دکھائی دیے۔گھروں میں بھی خواتین نے میچ دیکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے، رات کا کھانا بھی جلدی تیار کیا،کئی فیملیز نے یکجا ہوکر میچ دیکھا، ناظم آباد میں ایک فیملی نے گھر آنے والے مہمانوں کی پرتکلف دعوت کے لئے بکرا کاٹا بزرگ، خواتین اور بچے پاکستان کی فتح کے لئے خصوصی دعائیں بھی کرتے رہے۔

اسپورٹس سے مزید