کراچی (اسٹاف رپورٹر) دبئی میں پاک بھارت میچ کیلئے صبح آٹھ بجے سے ہی تماشائیوں نے اسٹیڈیم کا رخ کر لیا ۔ انتظامیہ نے اسٹیڈیم کے دروازے گیارہ بجے کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن شائقین کے بے پناہ جوش و خروش کے سبب گیٹس کئی گھنٹے پہلے ہی کھول دیئے گئے۔ بچوں، خواتین اور جوانوں سمیت ہر عمر کے شائقین کی اپنی اپنی ٹیموں کی شرٹس پہنے موجود تھے۔ چلچلاتی دھوپ کے باوجود لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور جوش نظر آیا ۔ کئی شائقین نے کہا کہ میچ نے ان کو رات بھر سونے بھی نہیں دیا۔ ایک پاکستانی نوجوان نے کہاکہ یہ میچ نہیں بلکہ ایک تہوار ہے، ہم رات بھر جاگتے رہے اور صبح جلدی پہنچ گئے ۔ ٹیمیں گراؤنڈ میں داخل ہوئیں تو اسٹیڈیم نعروں اور ترانوں سے گونج اٹھا۔ پاکستانی شائقین نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ بھارتی شائقین نے اپنی ٹیم کے ترانے گا کر جوش و خروش کا اظہار کیا ۔ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے لیے الگ ہی جوش نظر آیا۔