کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) بھارت کے خلاف ناکامی پرکرکٹرز کے ساتھ دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی افسردہ ہیں ۔قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ اتنے پیسے اگر ہاکی کے کھلاڑیوں کو دئیے جائیں تو ہم سنہرا ماضی واپس لاسکتے ہیں،قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ حکومت نے فوری توجہ نہیں دی تو کر کٹ کا حشر بھی ہاکی جیسا ہوجائے گا۔اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ ہمیں اپنی خامیوں کا جائزہ لینا ہوگا اور بہتری کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ خاتون ایتھلیٹ نسیم حمید نے کہا کہ مقابلہ نظر ہی نہیں آیا، بیڈ منٹن خاتون اسٹار ماہور شہزاد نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہارنے پر ہمیشہ کی طرح بہت دکھ ہوا۔اولمپکس ہیرو ارشد ندیم بھی ٹیم کی کار کردگی پر خاصے مایوس ہوئے۔قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شاہ خان نے کہا کہ ہماری ٹیم نے دلیرانہ کر کٹ نہیں کھیلی، ہار پر بہت افسوس ہے۔