کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہاکہ بھاری بھرکم بلوں کی مد میں اربوں روپے بٹورنے والا ادارہ توانائی کی مستقل فراہمی میں بری طرح ناکام ہے جس میں وسائل کی قلت سے زیادہ بدنیتی کا عنصر نمایاں دکھائی دیتا ہے، مافیا طرز پر توانائی فراہم کرنے والا ادارہ شہریوں کا خون چوسنے میں مصروف ہے جس کو عوام کو پہنچے والی تکلیف سے کوئی غرض نہیں ادارے کی سرپرستی میں چلنے والے کنڈوں کا بل بھی مستقل ادائیگی کرنے والے صارفین سے وصول کیا جاتا ہے مختلف علاقوں میں چلنے والے غیر قانونی کنیکشنز کا بہانہ بنا کر لوڈشیڈنگ کے دورانیئے کو طوالت دے کر بلوں کی مستقل ادائیگی کرنے والے شہریوں کو اذیت پہنچانا کہاں کا انصاف ہے؟ کے الیکٹرک ماہ رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا کر عوام کو ریلیف دے۔