کیا بھارتی اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم سیریز ’پشپا‘ کی وجہ سے طلباء پڑھائی میں بدتر اور بدتمیز ہوگئے ہیں؟
حیدر آباد دکن کے ایک سرکاری اسکول کے استاد نے دعویٰ کیا ہے کہ الو ارجن کی فلم سیریز ’پشپا‘ کی وجہ سے طالب علم پڑھائی میں بدتر اور رویے میں بدتمیز ہوگئے ہیں۔
بھارتی ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد ڈویژن میں واقع علاقے یوسف گوڑا کے سرکاری استاد نے تعلیمی کمیشن کے روبرو طلباء پر میڈیا کے اثرات پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹر سوکومار اور اداکار الو ارجن کی فلم سیریز پشپا اب مقبول کلچر کا حصہ بن چکی ہے لیکن سرکاری اسکول کے اساتذہ کو یہ فلمیں پسند نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری استاد نے کہا کہ جب طلباء تعلیمی اداروں میں بے راہ روی کا مظاہرہ کرتے ہیں، تو لگتا ہے ہم ناکام ہوگئے ہیں۔
سرکاری استاد نے مزید کہا کہ طلباء اب ناقابل برداشت ہیئر اسٹائل بناتے ہیں، بدتمیزی سے بات کرتے ہیں، یہ صورتحال صرف سرکاری ہی نہیں پرائیویٹ اسکولوں میں بھی ہوتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ طلباء کے رویے کی وجہ میڈیا ہے، والدین کو ان مسائل پر بات کےلیے بلائیں تو وہ پرواہ نہیں کرتے، ہم سزا دے نہیں سکتے کیونکہ یہ اقدام ذہنی دباؤ کا سبب بنے گا۔
سرکاری اسکول کے استاد نے کہا کہ میرے اسکول کے آدھے طلباء فلم سیریز پشپا کی وجہ سے بدتر ہوگئے ہیں، ریلیز سرٹیفکیٹ دیتے وقت اس کے اثرات کو نظر انداز کیا گیا۔
اس معاملے پر انٹرنیٹ صارفین نے ملا جلا ردعمل دیا، ایک صارف نے کہا کہ پیچیدہ مسئلے کو سادہ بنادیا گیا، ایک نے لکھا جو بھی کہا گیا وہ سچ ہے، ایسی فلمیں دیکھ کر لوگ متاثر ہوتے ہیں۔
دوسرے طرف کچھ انٹرنیٹ صارفین نے اس بیان پر طنز کیا اور کہا کہ سر فلم نہ دیکھیں طلبہ کو مفت پڑھائیں، ایک اور نے لکھا کہ یقیناً طلبا فلم گیم چینجر دیکھ کر آئی ایس افسر بننے کا سوچ رہے ہیں۔