اسلام آباد(نمائندہ جنگ)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے انعامی سکیم کے ذریعے کارٹل اور گٹھ جوڑ کے خلاف عوامی تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک انعام، نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا، کمپیٹشن کمیشن نے کہا ہےاگر کسی شخص کو معلوم ہو کہ کسی بزنس ایسوسی ایشن یا کسی پراڈکٹ کے سپلائرز نے اپنی پراڈکٹ یا سروسز کی قیمتوں کو فکس کرنے یا سپلائی کو کنٹرول کرنے کے لئے آپس میں معاہدہ یا سمجھوتہ کیا ہوا ہے، تو ایسے عمل کی اطلاع اور معلومات فوری طور پر کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کر فراہم کرے۔ ایسے غیر قانونی کارٹل، کو پکڑوانے اور ان کے خلاف کارروائی کے لئے معلومات اور کسی بھی قسم کے ثبوت فراہم کرنے پر ، اُسے 2 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے تک کا انعام دیا جائے گا، اطلاع و معلومات فراہم کرنے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا۔ یہ اقدام عوامی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ہے تاکہ ایسے غیر قانونی کاروباری طریقوں کا قلع قمع کیا جا سکے۔ ناجائز منافع خوری یا اشیاء و خدمات کے معیار یا رسد پر کنٹرول کے لئے پر آپس میں خفیہ یا اعلانیہ معاہدہ یا سمجھوتہ کر لینا، کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت ایک سنگین جرم ہے۔