• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا دباؤ، پاکستان سے 220 ملین ڈالر کا روز ویلٹ ہوٹل معاہدہ ختم

کراچی (رفیق مانگٹ ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر میئرنیویارک نے پاکستان کے ساتھ 220؍ ملین ڈالر کا روز ویلٹ معاہدہ ختم کردیا ہے، نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے مہاجرین کیلئے پناہ گاہ قائم کی تھی، اب سے بند کرنے کا اعلان کیا۔

 تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی نے پاکستان کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کے ساتھ 220 ملین ڈالر کے اس معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مہاجرین کے لیے پناہ گاہ قائم کی گئی تھی۔ 

یہ فیصلہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کے مسلسل دباؤ کے بعد کیا گیا، جنہوں نے امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے تارکین وطن کی سہولیات کے خلاف آواز بلند کی تھی۔

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمزنے اس کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ یہ ہوٹل مئی 2023 میں نئے آنے والوں کے استقبال کے مرکز اور پناہ گزینوں کے لیے رہائش کے طور پر کھولا گیا تھا۔

 اس معاہدے کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)، جو اس ہوٹل کی مالک ہے، کو تین سال کے لیے 220 ملین ڈالر ادا کیے جانے تھے۔

 پی آئی اے نے 2005 میں سعودی عرب کے حصص 36.4 ملین ڈالر میں خرید کر اس ہوٹل کا کنٹرول حاصل کیا تھا۔

ٹرمپ کے قریبی ساتھی ویویک راماسوامی نے اس معاہدے پر تنقید کی تھی۔روزویلٹ ہوٹل کے 1025 کمروں کو رات کے 200 ڈالر کے حساب سے استعمال کیا جا رہا تھا۔

اہم خبریں سے مزید