کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ایم آئی ویز سینٹرز ایک ہفتے کے اندر فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ایم وی آئی (موٹر وہیکل انسپیکشن) سینٹرز ایک ہفتے کے اندر فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ، جبکہ سکھر کے راستے سندھ میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی ایم وی آئی لازم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کراچی میں سندھ کےسینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو، سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اوکاش میمن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔