اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قیدیوں کے حقوق اور بحالی کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت دیدی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، اُن کے دورے کا مقصد عدالتی خدمات کی بہتری اور انصاف تک مساوی رسائی کو یقینی بنانا تھا، جسٹس یحییٰ آفریدی کے ہمراہ قائم چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد عتیق شاہ بھی موجود تھے۔ اسکے علاوہ سینئر جج پشاور ہائی کورٹ، جسٹس اعجاز انور، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی، اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے افسران بھی موجود تھے۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، اور جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔