کراچی(ثاقب صغیر )منشیات کے الزام میں گرفتار اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسننے دوران تفتیش بتایا ہے کہ اس کے شریک جرم ساتھیوں میں مقتول مصطفیٰ عامر بھی تھا جبکہ وہ مرکزی ملزم ارمغان کو بھی ویڈ فروخت کرتا تھا۔ملزم کے مطابق وہ 13 سال سے ویڈ ( گانجا) کا نشہ کر رہا ہے اور دو سال سے ویڈ فروخت کر رہا ہے۔ملزم کے مطابق بازل اور یحییٰ دو سال سے کورئیر کے ذریعے میرے گھر پر ویڈ بھجواتے تھے۔میں ان کو ہر ہفتے 4 سے 5 لاکھ روپے اس کی رقم ادا کرتا تھا۔ملزم نے بتایا کہ وہ مہینے میں دو مرتبہ تقریباً 1200 گرام ویڈ منگواتا تھا اور ایک گرام ویڈ 10 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا۔ملزم کے مطابق وہ کلائنٹ سے کال پر رابطہ کرتا تھا اور کلائنٹ اس کے گھر سے آ کر ویڈ خریدتے تھے۔ملزم کے مطابق مصطفیٰ قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ارمغان اس سے 14گرام ویڈ ہر ہفتے دو ہفتے میں لیتا تھا جبکہ اجے، حمزہ، اسد ،نور ، عرفان پردیسی ، عثمان ، مرتضیٰ اور جہانزیب بھی اس سے منشیات خریدتے تھے۔ملزم کے مطابق اس کے شریک جرم ساتھیوں میں مقتول مصطفیٰ عامر، مصطفیٰ کے قتل میں گرفتار ملزم شیراز عرف شاہ ویز ، معاذ، تیمور ، صفی نبی ، نعمان اور بازل شامل ہیں۔ملزم کے مطابق وہ پانچ برس سے ماڈلنگ کر رہا ہے جبکہ رئیل اسٹیٹ کا کام بھی کرتا ہے۔ملزم نے دو ماہ قبل شادی کی ہے۔