کراچی (عبدالماجد بھٹی)محمد رضوان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ اور بھارت سے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگئی دو ایشیائی ٹیمیں پاکستان اور بنگلہ دیش ٹورنامنٹ سے باضابطہ آئوٹ ہوگئیں۔اس طرح ملک میں سجے میلے سے میزبان کی ہی چھٹی ہوگئی، دونوں کو پہلے دو نوں میچوں میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ بدترین اور شرم ناک کارکردگی پر شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹرز مایوس ہیں۔ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پیر کی شب خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی اور منگل کی شام اسلام آباد کلب میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ شائقین کا کہنا ہے کہ اب ان کی ٹورنامنٹ میں دلچسپی ختم ہوگئی ہے، سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی برطرفی کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔ پاکستان کی خراب کارکردگی پر وسیم اکرم ، راشد لطیف ، احمد شہزاد اور محمد حفیظ جیسے سابق کرکٹرز قومی ٹیم سے ناکام کھلاڑیوں کو نکالنے اور نئی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ اس میچ کے نتیجے پر میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ بنگلہ دیش بھی پاکستان کی طرح دوسرا میچ ہارنے کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ پاکستان نے2017 میں اوول میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی کر لیا ہے جبکہ جمعرات کو پنڈی میں پاکستان اوربنگلہ دیش کا میچ رسمی کارروائی ثابت ہوگا۔ اتوار کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری لیگ میچ کھیلا جائے گا۔ چار مارچ کو دبئی میں پہلے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم ایکشن میں ہوگی جبکہ نیوزی لینڈ کوپانچ مارچ کو لاہور میں سیمی فائنل کھیلنا ہوگا۔ اگر بھارتی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہوگئی تو اتوار 9 مارچ کو فائنل لاہور میں ہوسکتا ہے اگر بھارت نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا تو پھر فائنل دبئی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اس سے قبل چاربار 2000 ،2004 ،2009 ،2017 میں چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کھیل چکی ہےلیکن ہوم گرائونڈ پر پاکستان کو نیوزی لینڈ نے60رنز اور دبئی میں بھارت نے چھ وکٹ سے شکست دی۔پاکستان بارہ دن میں نیوزی لینڈ سے تین بار ون ڈے میچ ہارا ہے۔