• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کی مختلف سڑکوں کی بحالی کا فیصلہ، ایم ڈی اے سے پلان طلب

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے شہر کی مختلف سڑکوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔چونگی نمبرچھ،چونگی نمبر9 ،چونگی نمبر ایک ،بوسن روڈ، ائیرپورٹ روڈ، گھنٹہ گھر چوک، اعوان چوک تا نانڈلہ چوک پر رش کو منتظم کرنے کیلئے ایم ڈی اے سے پلان بھی طلب کرلیا۔بعدازاں کمشنر عامر کریم خاں نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر اطراف کی سڑکوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔ نجی سیکٹر کے تعاون سے شہر کے اہم چوکوں پر یادگاریں تعمیر کی جارہی ہیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے نجی لیبارٹری اور چونگی نمبر 1 کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو کہا کہ چونگی نمبر 1 سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ہسپتال ، کلینک لیبارٹریاں اپنی پارکنگ کا انتظام کریں ۔کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت خونی برج دیوار ،قلعہ کی فصیل کی بحالی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ خونی برج دیوار کے اردگرد سے تجاوزات اور جانور ہٹائے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹف ٹائلز لگا کر فٹ پاتھ کی حالت بہتر کی جائے۔تین سے چار خوبصورت فوڈ سٹالز لگواکر بینچ رکھ کر بیٹھنے کی جگہ بنائی جائے۔دریں اثنا کمشنر رات گئے دنیا پور ٹی ایچ کیو ہسپتال کا جائزہ لینے پہنچ گئے ۔انہوں نے ہسپتال ایمرجنسی میں مریضوں کے رش کو منتظم کرنے، داخلی راستے پر روشنی کا مناسب انتظام کرنے کا حکم دیا۔
ملتان سے مزید