پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ماڈل و اداکار عمر شہزاد نے زندگی کے نئے سفر کے آغاز سے متعلق اعلان کیا تو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی دلہنیا کے حوالے سے چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔
اداکار عمر شہزاد نے خانہ کعبہ کے سامنے سے اہلیہ کی شناخت ظاہر کیے بغیر ان کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور اپنی شادی سے متعلق اعلان کیا۔
سوشل میڈیا پر شادی کے اعلان کے بعد اس جوڑی کے لیے مبارک باد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
دوسری جانب مذکورہ تصاویر سامنے آتے ہی عقاب کی نظر رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے چہ میگوئیاں شروع کر دی ہیں کہ عمر شہزاد نے ساتھی اداکارہ مشعل ممتاز سے شادی کی ہے۔
گوکہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں سے ایک میں یہ نوبیاہتا جوڑا عقبی جانب سے دکھائی دے رہا ہے جبکہ دوسری تصویر میں صرف ان کے ہاتھ نظر آ رہے ہیں۔
عقاب کی نظر رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اداکارہ مشعل ممتاز بھی ان دنوں عمرے کے لیے مکہ مکرمہ میں موجود ہیں اس لیے ممکنہ طور پر اداکار عمر شہزاد اور مشعال ممتاز نے شادی کر لی ہے۔
ادھر مشعل ممتاز نے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے نئی شروعات کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے خانہ کعبہ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا ہے کہ نئی شروعات پر اعتماد رکھیں، اب اللّٰہ کے فضل و کرم سے ہر چیز بہتر ہو گی۔
واضح رہے کہ بعض سوشل میڈیا صارفین ماڈل و اداکارہ شانزے لودھی اور زینب رضا کے حوالے سے بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر عمر شہزاد کی دلہنیا ان میں سے کوئی ہے۔