• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانڈا بانڈ کا آئندہ مالی سال میں اجراء، IMF کو آگاہ کردیا گیا

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا ہے کہ پانڈا بانڈ آئندہ مالی سال 2025-26 کے دوران جاری کیا جائے گا جیساکہ دو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی طرف سے ضمانتوں کو پورا کرنے کی پیشگی شرائط ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہیں۔ اس سے قبل وزارت خزانہ نے موجودہ مالی سال کے دوران چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اب یہ ممکن نظر نہیں آتا۔ تاہم ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک جیسے دو بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے ضمانتیں حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس میں مزید وقت لگے گا۔ حکومت کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ اب آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ پانڈا بانڈ آئندہ مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران جاری کیا جائے گا۔ پانڈا بانڈ کے لیے پاکستان ایک ارب ڈالر حاصل کرنا چاہتا ہے، لیکن ابتدائی مرحلے میں یہ 200 سے 250 ملین ڈالر تک حاصل کرے گا۔ دوسری جانب، آئی ایم ایف کا جائزہ مشن آئندہ ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد پہنچے گا، اور دونوں فریق پیر (3 مارچ 2025) سے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پہلے جائزے کی تکمیل کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔ ایف بی آر کو پہلے سات ماہ میں 468 ارب روپے کے خسارے کا سامنا رہا ہے اور اب ٹیکس مشینری فروری 2025 کے لیے مزید 100 ارب روپے سے زائد کے متوقع خسارے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اس طرح موجودہ مالی سال کے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران مجموعی خسارہ 568 سے 578ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید