کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیرخارجہ کی دھمکی پر بنگلہ دیش نے نئی دہلی کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بنگلہ دیش کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ بھارت کے ساتھ کس قسم کے تعلقات چاہتا ہے۔
ان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئےبنگلہ دیش کے مشیر برائے امورِ خارجہ محمد توحید حسین نے کہا کہ ہم باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش بھارت سے تعلقات کے سلسلے میں یقینی طور پر فیصلہ کرے گا۔ لیکن اسی کے ساتھ بھارت کو بھی یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ کیسے رشتے چاہتا ہے۔
بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے ʼبنگلہ دیش سنگباد سنگھسٹʼ(بی ایس ایس) کے مطابق محمد توحید حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت کے ساتھ تعلقات کے سلسلے میں ایک واضح مؤقف رکھتا ہے۔ وہ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی اچھے تعلقات پر زور دیتا ہے۔ اس معاملے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔