بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار گووندا اور اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان کئی دنوں سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق افواہیں زیرِ گردش ہیں جن سے اس جوڑی کے مداح کافی پریشان نظر آ رہے ہیں۔
ان افواہوں پر سنیتا آہوجا کے منیجر کے بعد اب گووندا کی اہلیہ نے خود ویڈیو بیان دیا ہے جو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا ہے۔
سنیتا آہوجا نے ویڈیو بیان میں علیحدگی کی افواہیں پھیلانے والوں کو واضح پیغام دے کر ان کا منہ بند کروا دیا ہے۔
سنیتا آہوجا کا کہنا ہے کہ ہم اس لیے الگ رہتے ہیں کہ جب گووندا نے سیاست میں شمولیت اختیار کی تو اس وقت میری بیٹی جوان ہو رہی تھی، اس دوران گھر میں مختلف سیاسی شخصیات کا آنا جانا شروع ہو گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم گھر میں آرام دہ لباس پہنتے ہیں تو مہمانوں کے سامنے اس طرح سے گھومنا اچھا نہیں لگتا تھا، اس لیے ہم نے گھر کے سامنے ہی آفس لے لیا۔
سنیتا آہوجا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے اور گووندا کو اس دنیا میں کوئی الگ نہیں کر سکتا، اگر کوئی مائی کا لعل ہے تو اسے سامنے آنا چاہیے۔