• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افطار دستر خوان آج سجائیں آلو کے پکوان سے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

رمضان المبارک صرف ایک مہینہ نہیں بلکہ برکتوں، رحمتوں، نعمتوں کا خزینہ ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ اس مہینے امیر، غریب ہر ایک کا دسترخوان اللّٰہ پاک کی عطاء کردہ بے شمار نعمتوں سے بَھرا دکھائی دیتا ہے۔

اس ماہ لوگ عبادات کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کا بھی خاص اہتمام کرتے ہیں۔ 

اگر بات ہو افطار کے دسترخوان کی اور آلو سے تیار کردہ پکوان نہ ہوں ایسے کیسے ہو سکتا ہے۔

آلو سے تیار ہونے والے چند مزیدار پکوان کی ترکیبیں آپ کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کٹلٹس

اجزاء:

چکن (بون لیس) 1 پاؤ، آلو (اُبلے ہوئے) ½ کلو، لال مرچ (کُٹی ہوئی) 1 چائے کا چمچ، سفید زیرہ (کُٹا ہوا) 1 چائے کا چمچ، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) ½ گڈی، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) 4  عدد، لیموں کا رس 2 کھانے کے چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ 1 کھانے کا چمچ، انڈا 1 عدد، کارن فلور حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

سب سے پہلے چکن اُبال کر ہاتھ سے باریک باریک ریشے کر لیں۔

پھر ایک باؤل میں اُبلے ہوئے آلو، چکن، مرچ، نمک، سفید زیرہ، ہری مرچ، ہرا دھنیا، لیموں کا رس اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح میش کر لیں اور ٹکیوں کے انداز میں کٹلٹس بنا کر ڈش میں رکھ دیں۔

اب کٹلٹس کو پہلے سے پھینٹے ہوئے انڈے میں اچھی طرح ڈبو کر اور کارن فلور لگا کے ہلکی آنچ پر شیلو فرائی کر لیں۔

گولڈن براؤن ہونے پر نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں، تاکہ اضافی تیل جذب ہو جائے۔

افطار میں کیچپ کے ساتھ مزے لے کر کھائیں۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

آلو چاٹ

اجزاء:

آلو (اُبلے ہوئے) 4 عدد، نمک حسبِ ضرورت، سفید زیرہ (کُٹا ہوا) ½ چائے کا چمچ، لال مرچ (کُٹی ہوئی) ½ چائے کا چمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) 3 عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) ½ گڈی، املی کا رس ½ کپ، چاٹ مسالا ½ چائے کا چمچ اور ثابت دھنیا (کُٹا ہوا) ½ چائے کا چمچ۔

ترکیب:

آلو اُبال لیں، مگر خیال رہے کہ زیادہ نرم نہ ہوں، پھر انہیں چھیل کر چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

اب ایک باؤل میں آلو اور تمام مسالاجات اچھی طرح مکس کر لیں۔

آخر میں ہرا دھنیا چھڑک دیں، مزے دار آلو چاٹ تیار ہے۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پٹیٹو بالز

اجزاء:

آلو درمیانے سائز کے 4 عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) ½ گڈی، نمک حسبِ ضرورت، پودینا (باریک کٹا ہوا) ½ گڈی، لال مرچ (کُٹی ہوئی) ½ چائے کا چمچ، ثابت دھنیا (ہلکا سا کوٹ لیں) ½ چائے کا چمچ، سفید زیرہ (پسا ہوا) ½ چائے کا چمچ، ادرک (باریک کٹا ہوا) 1 انچ کا ٹکڑا، لیموں کا رس 2 کھانے کے چمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) 4 عدد، بیسن 1 کپ، لال مرچ (پسی ہوئی) ½ چائے کا چمچ اور تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

آلو اُبال کر پیس لیں، پھر اس میں نمک، لال مرچ ، ہرا دھنیا، پودینا، ثابت دھنیا، زیرہ، ادرک، ہری مرچ اور لیموں کا رس شامل کر کے اچھی طرح مکس کر کے، اس کے بالز بنالیں۔

اس کے بعد بیسن گھول کر پیسٹ بنائیں اور اس میں نمک اور پسی ہوئی لال مرچ شامل کر دیں۔

آلو کے بالز کو بیسن کے آمیزے میں اچھی طرح سے ڈبو کر، ہلکی آنچ پر فرائی کر لیں۔

پودینے یا املی کی چٹنی کے ساتھ یہ پٹیٹو بالز بہت مزہ دیں گی۔

خاص رپورٹ سے مزید