• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس رمضان شوگر کے مریض بھی مزیدار میٹھے پکوان کھا سکیں گے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ ذیابیطس کے وہ مریض جو مرض لاحق ہونے سے قبل میٹھے کے شوقین نہیں ہوتے، انہیں اس مرض میں مبتلا ہونے کے بعد میٹھے کی طلب رہتی ہے۔

ایسے میں رمضان المبارک کے دوران افطار دسترخوان سجے اور ذیابیطس کے مریضوں کا خیال نہ رکھا جائے ایسے کیسے ہو سکتا ہے۔

آج چند شوگر فری پکوانوں کی تراکیب پیشِ خدمت ہیں، جنہیں بنا کر ذیابیطس کے مریض ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق عمل کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ میٹھے پکوانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

شوگر فری چاکلیٹ براؤنی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اجزاء:

شوگر فری چاکلیٹ،4/1 کپ، براؤن شوگر 1/2 کپ، کلوریز فری سوئٹنر 1/2 کپ، انڈے 2 عدد، میدہ 1/2 کپ، تیل 1/2 کپ، پیکنگ سوڈا 1 کھانے کا چمچ۔

ترکیب:

اوون ڈش کو تیل سے گریس کر لیں پھر اس پر بٹر پیپر بچھا دیں اور 1 کھانے کا چمچ میدہ اس پر چھڑک دیں۔

اب ایک پین میں شوگر فری چاکلیٹ کو پگھلا لیں کہ وہ کریم کی طرح ہو جائے۔

ایک باؤل میں انڈے پھینٹ کر اس میں چاکلیٹ والا مکسچر ملا دیں۔ 

اس کے بعد میدہ، براؤن شوگر، کلوریز فری سوئٹنر ملا کر ہاتھ والے بیٹر سے اچھی طرح مکس کر لیں۔

اس مکسچر کو اوون ڈش میں ڈال کے پری ہیٹ اوون میں 80 ڈگری پر 20 منٹ کے لیے بیک کریں۔

اوون سے نکال کر 2 منٹ کے لیے ٹھنڈا کریں اور پھر سانچے سے نکالیں اسےکاٹ کر اوپر شوگر فری کوکو پاؤڈر چھڑک کر گرم گرم سرو کریں۔

شوگر فری کدو کی فیرنی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اجزاء:

سبز کدو  1 پاؤ، الائچی حسبِ ضرورت، سوئٹنر حسبِ ضرورت، دودھ 1 کلو، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب:

کدو چھیل کر ابال لیں، جب کدو اچھی طرح نرم ہو جائے تو اسے پیس لیں اور اس میں دودھ شامل کر دیں۔

اب دودھ کو خوب پکائیں، پھر آخر میں سوئٹنر شامل کر کے چمچ اس وقت تک چلائیں جب تک کہ فیرنی کی طرح تیار نہ ہو جائے۔

اب الائچی ، بادام اور پستہ ڈال کر تناول فرمائیں۔

شوگر فری فروٹی دہی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اجزاء:

کٹا ہوا انناس 1 کپ، کٹا ہوا پپیتا 1 کپ، تازہ اورنج جوس 1 کپ، تازہ گاڑھی دہی 4 کپ، شوگر فری سوئٹنر 1 کھانے کا چمچ۔

ترکیب:

تمام پھلوں کو گرائنڈر میں ڈالیں، اورنج جوس اور سوئٹنر شامل کر کے سب کو گرائنڈ کر لیں۔

اب اس میں آہستہ آہستہ دہی شامل کریں اور پھر سارے آمیزے کو اس وقت تک گرائنڈ کریں جب تک کہ سب اشیاء ایک ہی شکل میں تبدیل نہ ہو جائیں۔ 

اس آمیزے کو اپنے ذائقہ کے مطابق گاڑھا یا پتلا کیا جا سکتا ہے۔ 

ٹھنڈا کر کے گلاس میں ڈال کر پیش کریں اور اس سے لطف اندوز ہوں۔

خاص رپورٹ سے مزید