جویریہ سعود کو رمضان ٹرانسمیشن کے دوران رونے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
پاکستان میں رمضان میں مختلف چینلز پر لائیو نشریات ایک روایتی عمل بن چکا ہے، جن کا مقصد ناظرین کو مذہبی تعلیم اور رمضان سے متعلق تفریح فراہم کرنا ہے۔
اس سال تقریباً ہر چینل پر مشہور اداکاروں کی میزبانی میں لائیو نشریات نشر ہو رہی ہیں، جہاں بعض اوقات ریٹنگز اور ویوز بڑھانے کے لیے اوور ایکٹنگ بھی کی جاتی ہے۔
اداکارہ جویریہ سعود جو اپنی منفرد اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں، انہوں نے رمضان کے ایک لائیو شو کی میزبانی کی اور نعت پڑھنے کے دوران وہ زار و قطار رو پڑیں جس کے متعدد کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
ان کلپس میں جویریہ سعود کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ناظرین اور فالوورز کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ ریٹنگز حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، جس سے پروگرام کی اصل روح متاثر ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے متعدد تبصرے کیے، ایک فین نے لکھا کہ یہ سب ریٹنگ کے لیے ہو رہا ہے جبکہ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ اتنے ڈرامے کا کیا مقصد ہے؟ گھر بیٹھ کر عبادت میں مشغول ہو جائیں۔