اسلام آباد( رانا غلام قادر ) ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان اور فارن سروس آف پاکستان سے تعلق رکھنے والے گریڈ 21 کے36 افسران کوگریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دیدی ہے۔ ترقی پانے والوں میں پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروسز کے 19، پولیس کے 8 اور فارن سروس کے 9افسران شامل ہیں۔ یہ منظوری بدھ کے روز ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس میںسینئر بیوروکریٹس کی کارکردگی اور اہلیت کا بغور جائزہ لینے کے بعد ان افسران کی ترقی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں خواجہ آصف اور بلاول بھٹو نے بھی شرکت کی۔ یہ ترقیاں سول بیوروکریسی میں اعلیٰ عہدوں پر تجربہ کار اور قابل افسران کی تعیناتی کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی، ترقی کے منتظر افسران کی سروس ریکارڈ، تجربے اور ملک کیلئے انکی خدمات کو مدنظر رکھا گیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری اعلامیہ کے مطا بق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 19 افسروں کو گریڈ 22میں ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والے افسران میں سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی وسیم اجمل چوہدری، ایدیشنل سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی عنبرین رضا، تقرری کے منتظر علی طاہر، سیکرٹری نج کاری کمیشن عثمان اختر باجوہ، سپیشل سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امورسید عطاء الرحمن، سیکرٹری توانا ئی سندھ مصدق احمد خان، چیئر مین ایف بی آر راشد محمود، سیکرٹری پیٹرولیم مومن آغا، سیکرٹری صحت ندیم محبوب، سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، تقرری کے منتظردائود محمد بریچ، اسپیشل سیکرٹری تجارت شکیل احمد منگیجو، ایڈیشنل سیکرٹری قومی سلامتی ڈویژن سعدیہ سروت جاوید، وزیر اعظم کے سیکرٹری اسد الرحمن گیلانی، امریکا میں ٹریڈ منسٹر علی سرفراز حسین، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب نبیل احمد اعوان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور شامل ہیں۔پولیس سروس آف پاکستان کےترقی پانے والے 8 افسران میں ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات بی اے ناصر، آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی پنجاب محمد فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی سندھ عمران یعقوب منہاس، تقرری کے منتظر عبد الخالق شیخ، ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس محمد زبیر ہاشمی، نیشنل اسکو ل آف پبلک پالیسی میں تعینات محمد شہزاد سلطان اور آئی جی ریلوے پولیس رائے محمد طاہر شامل ہیں۔ فارن سروس آف پاکستان سے تعلق رکھنے والے ترقی پانے والے 9افسران میں احمد نسیم وڑائچ، رحیم حیات قریشی، عاصم افتخار احمد، رضوان سعید شیخ، سید احسن رضا شاہ، فیصل نیاز ترمذی، نبیل منیر، ثقلین سیدہ اور شفقت علی خان شامل ہیں۔ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں مزید محنت اور لگن کا مظاہرہ کرینگے۔ یہ ترقیاں سول بیوروکریسی میں اعلیٰ عہدوں پر تجربہ کار اور قابل افسران کی تعیناتی کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی ہیں، جو پالیسی سازی اور گورننس کے نظام میں مزید بہتری لانے میں معاون ثابت ہونگی۔ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اسٹیبلشمنٹ احد چیمہ، ایم این اے بلاول بھٹو زرداری، سیکرٹری کابینہ ڈویژن کامران علی افضل، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھ اریکو نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق یہ ہا ئی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا پہلا اجلاس ہے جو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں منعقد ہوا۔ یہ پہلا اجلاس ہے جسکی صدارت وزیر اعظم نے خود نہیں کی بلکہ انکے نا مزد وزیر نے کی۔ ذ رائع کے مطابق پا کستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے 13افسران کو ترقی نہیں مل سکی جن میں سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ساجد بلوچ کے علاوہ آمنہ عمران خان، عثمان چاچڑ، ارم بخاری، اسد اسلام ماہنی، کیپٹن(ر) سید وقار الحسن، مجتبی پراچہ، کیپٹن(ر) محمود، جودت ایاز، کیپٹن (ر) آصف، طارق وقار بخشی، احسن علی منگی اور حسن محمود یوسفزئی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس پیر دس فروری کو دو بارہ ہوگا۔ اجلاس میں سیکر ٹیریٹ گروپ۔ انفا ر میشن گروپ، پوسٹل گروپ، ان لینڈ ریونیو سروس، کسٹم سروس، پا کستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس سروس، ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ گروپ اور پلانرز گروپ کے افسروں کے ترقی کے کیسز زیر غور آئیں گے۔