• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی تقریر کے دوران احتجاج، اپوزیشن رکن کو کانگریس سے باہر نکال دیا

نیویارک(عظیم ایم میاں)امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سیاہ فام رکن الیگزینڈر گرین کو صدر ٹرمپ کے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران احتجاج پر ایوان سے باہر نکال دیا گیا ، ری پبلکن پارٹی سے وابستہ ایوان نمائندگان کے اسپیکرمائیک جانسن نے سارجنٹ ایٹ آرمز کے ذریعے سے انہیں ایوان سے باہر نکلوادیا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طویل ترین خطاب کا آغاز کیا تو اپوزیشن رکن ایل گرین نے صدر ٹرمپ کے خطاب کے دوران اپنی نشست پر کھڑے ہو کراحتجاجی انداز میں خلل ڈالااور چلّا کر کہا کہ صدر کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے،انہوں نے اپنی چھڑی بھی ٹرمپ کی طرف لہرائی، دیگر ڈیموکریٹ ا رکان کانگریس نے بھی ان کی حمایت میں آوازیں بلند کیں جنہوں نے پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے، بعض ڈیموکریٹک ارکان واک آؤٹ بھی کر گئے اور کئی ارکان ایوان سے غیر حاضر رہے۔ریپبلکن اراکین کی جانب سے ٹرمپ کو خطاب کے دوران داد دی جاتی رہی ۔ ایوان نمائندگان کے اسپیکرنے نظم و ضبط قائم رکھنے کی تلقین کی اور کانگریس مین ایل گرین سے نشست پر بیٹھنے کو بھی کہا لیکن وہ بدستور کھڑے رہتے ہوئے احتجاجی جملے بھی ادا کرتے نظر آئے جس کی بنیاد بنا کر اسپیکر مائیک جانسن نے ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز کو حکم دیا کہ و مذکورہ کانگریس مین کو ایوان سے نکال دیں۔ 78سالہ کانگریس مین ایل گرین بھی ذہنی طور پر اس صورتحال کیلئے تیار نظر آئے اور اپنی نشست سے چل کر سارجنٹ ایٹ آرمز کی آمد سے قبل ہی آتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز تک پہنچ گئے اور پھر سارجنٹ کے ساتھ ایوان سے باہر چلے گئے۔ ایوان سے ایل گرین کی رخصتی کے بعد بھی ایوان میں موجود ڈیموکریٹ اراکین کانگریس بدستور احتجاجی کارڈ اور ان پر درج ’’غلط بیانی‘‘ جھوٹ اور دیگر الفاظ والے پلے کارڈ صدر ٹرمپ کی تقریر کے دوران لہراتے رہے۔ایوان سے باہر نکلنے کے بعد ایل گرین نے صحافیوں کو بتایا کہ " یہ ضروری تھا کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ ہم میں سے کچھ لوگ اس صدر کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید