کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق نے اضافی بجلی کی پیداوار کے لیے منظوری دینے سے انکار کر دیااور یہ دعویٰ کیا کہ پاکستان میں پہلے ہی کافی بجلی موجود ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ اگر یہ سچ ہے تو پھر کراچی سمیت پورا سندھ لوڈ شیڈنگ کا شکار کیوں ہے؟ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ بجلی کے سرپلس کا نہیں ہے بلکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی پیدا کرنے میں ناکامی کا ہے، ان چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے سندھ حکومت گرین انرجی کے نئے ذرائع کی کھوج میں ہے،یہ بات انہوں نے سندھ سولر انرجی پروجیکٹ (SSEP) کے زیر اہتمام کے پی ٹی انٹر چینج،ڈی ایچ اے فیز -I کے قریب ایک بینکوئٹ ہال میں کم آمدنی والے گھرانوں میں سولر ہوم سسٹمز (SHS) کی تقسیم کے موقع پر کہی۔جبکہ نئے تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی سندھ میں نہیں بلکہ بیرونی طاقتوں سے ملک میں آئی ہے، ہمیں ایک ایسا صوبہ ہونے پر فخر ہے جو انتہا پسندی سے پاک ہے۔