اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف بی آر کے کلکٹر کسٹمز محمد عامر تھہیم کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ محض ایف آئی آر کا اندراج کسی شخص کا نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے کافی نہیں، اگر غیر قانونی حکم کے باعث بنیادی حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہو تو آئین کے آرٹیکل 199کا دائرہ اختیار استعمال کیا جا سکتا ہے، آئینی عدالتیں ایگزیکٹوز کے غیر قانونی اقدامات کیخلاف بنیادی حقوق کی محافظ ہیں۔ گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے ایف بی آر کے کلکٹر کسٹمز محمد عامر تھہیم کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کی درخواست منظور کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے کے مطابق ایف آئی اے کی سفارش پر ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پٹیشنر کا نام پی سی ایل میں شامل کیا،عدالتی مفرور یا گھناؤنے جرائم کے ملزمان کا نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ پٹیشنر نہ تو عدالت سے مفرور ہے اور نہ ہی کسی سنگین جرم میں ملوث ہے جس پرعدالت نے پٹیشنر کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کا حکم جاری کر دیا۔