پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے ایک مرتبہ پھر وفاق سے افغانستان کیساتھ مذاکرات کی اجازت دینے اور اس ضمن میں ارسال کردہ ٹی او آرز کی منظوری دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وفاقی حکومت کی سرد مہری کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہورہا ہے، صوبائی حکومت افغانستان وفد بھیجنا چاہتی ہے تاکہ جلد از جلد مذاکرات شروع ہوسکے،وفاقی حکومت خود افغانستان کیساتھ مذاکرات کررہی ہے نہ ہمیں اجازت دے رہی ،وفاق کی سرد مہری سے دہشت گردی میں اضافہ، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی صرف خیبر پختونخوا کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے وفاقی حکومت اس حوالے سے تمام ترذمہ داری صوبہ پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی، وفاقی حکومت دہشت گردی کے معاملے پر انتہائی غیر سنجیدہ رویہ اپنا رہی ہے اس لئے خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے وفاق کے کردار پر برہمی اور افسوس کا اظہار کر رہی ہے کیوں کہ وفاق کی غیر سنجیدگی اور افغانستان کیساتھ سرد مہری کے باعث دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔