صحیح کھانے اور پینے کا انتخاب ایک اہم ترین چیز ہے جس کی اہمیت رمضان المبارک میں اور زیادہ بڑھ جاتی ہے تاکہ بیماریوں سے بچتے ہوئے پورے روزے رکھ کر زیادہ سے زیادہ عبادت کی جا سکے۔
تقریباً 13 سے 14 گھنٹے بغیر کھائے پیئے رہنے کے بعد بھی اگر ہم صحت مند غذا کا انتخاب نہ کریں تو جسم کی توانائی میں کمی ہو جاتی ہے۔
طویل وقت کے روزے رکھنے کے دوران ہمیں ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ افطار اور سحری کے درمیان ایسی غذاؤں کا استعمال کیا جائے جو ہمیں توانائی فراہم کریں تاکہ ہم اگلے دن کا روزہ صحت و تندرستی کے ساتھ رکھ سکیں۔
ماہرین کے مطابق بہترین مشروبات کے انتخاب سے ناصرف گرمی کی شدت میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ انہیں افطار اور سحری میں استعمال کر کے بہترین فوائد بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ایسے ہی چند مشروبات کا ذکر یہاں کیا جا رہا ہے۔
سب سے پہلے تو پانی کیونکہ یہ مشروبات کا بادشاہ ہے جو جسم کو ہائیڈریشن اور توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔
اجزاء: کھیرا 1 عدد، کالا نمک 1 چُٹکی، پودینے کے پتے 3 سے 4 عدد، برف (کُٹی ہوئی) 1 کپ، پانی 1 کپ، لیموں کا رس 1 کھانے کا چمچ اور شوگر سیرپ 2 سے 3 کھانے کے چمچ (اگر شوگر سیرپ خود تیار کرناہو تو 2 کپ چینی اور 4 کپ پانی 1 برتن میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ چینی اچھی طرح گھل جائے، پھر اس میں لیموں کا رس ڈال کر مکس کر لیں اور ٹھنڈا کر کے کسی بوتل میں بَھر لیں)۔
ترکیب: پہلے کھیرا چھیل کر کیوبز میں کاٹ لیں، پھر بلینڈر میں تمام اجزاء اور کُٹی ہوئی برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔
اس کے بعد گلاسز میں نکال کر پودینے کے پتّوں سے سجا کر مزے دار کھیرا سلش کا لطف اُٹھائیں۔
اجزاء: خربوزہ (کیوبز میں کٹا ہوا) 1 کپ، کھیرا (کیوبز میں کٹا ہوا) 1/2 کپ، لیموں کا رس 1/2 چائے کا چمچ، شوگر سیرپ حسبِ ذائقہ اور برف حسبِ منشاء۔
ترکیب: تمام اجزاء مکس کر کے بلینڈ کر لیں، آخر میں برف ڈال کر دوبارہ بلینڈ کریں۔
لیجیے، مزے دار انرجی ڈرنک منٹوں میں تیار ہے۔
اجزاء: کھجور (بغیر گٹھلی) 5 عدد، دودھ 1 گلاس، بادام 5 عدد، شہد 1 چائے کا چمچ، برف حسبِ ضرورت
ترکیب: کھجور، دودھ، بادام اور شہد کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کریں۔
برف شامل کریں اور ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔