کراچی(بابر علی اعوان /اسٹا ف رپورٹر) رمضان المبارک میں خون کے عطیات میں 70فیصد کمی ہو جاتی ہے جس سے خون کے ضرورت مند مریض بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، بیمار بچے بھی چاہتے ہیں کہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ ہنسی خوشی عید منا سکیں اس لئے جوانوں کو چاہیے کہ وہ اس رمضان میں مریض بچوں کو عیدی کے طور پر خون کاعطیہ دیں تاکہ ا ن میں زندگی کی امنگ پیدا ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہا رچلڈرن اسپتال کراچی کے سربراہ اور معروف ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے جنگ سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرمی اورطویل روزوں کے باعث شہریوں کی جانب سے خون کے عطیات نہیں کیے جارہے ، مریض بچوں کے لئے خون کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،تھیلیسیمیا اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا بچوں کی زندگیاں خون کے عطیات سے جڑی ہوتی ہیں ،خون نہ ملنے سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔