کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا شہید بینظیر بھٹو کا ویژن تھا اور صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ہم اس ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں حکومت سندھ کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کاوشیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ وہ ہر میدان میں ترقی کر سکیں،خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات نے کہا کہ حکومت سندھ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ہم ان تمام خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جو معاشرے اور ملکی ترقی، استحکام، اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کو ترجیح دی ہے اور حکومت سندھ پارٹی کے منشور کے مطابق خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دنیا کی سب سے بڑی ہاؤسنگ اسکیم کے تحت خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام متعارف کرایا تھا، جو آج بھی لاکھوں خواتین اور بچوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔