• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سجائیں سحری کا دسترخوان، چٹخارے دار کھانوں سے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

رمضان المبارک میں دسترخوان چاہے افطاری کا ہو یا سحری کا اس کی شان بڑھانے کے لیے خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔

آج چٹخارے دار کھانوں کی تراکیب بتا رہے ہیں، جس سے آپ سحری کے دسترخوان کی رونق کو بڑھا سکتی ہیں۔

قیمہ

اجزا: گائے کا قیمہ 1/2 کلو، دہی 1 پاؤ، لیموں 1 عدد، پیاز تلی ہوئی 2 عدد، زیرہ 1 چائے کا چمچہ، پسا گرم مسالہ 1 چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ 2 چائے کے چمچے، پپیتا 1 کھانے کا چمچہ، ہلدی 1/2 چائے کا چمچہ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ 2 چائے کے چمچے، نمک حسبِ ضرورت، ہری مرچ اور ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، تیل 1/2 پیالی.

ترکیب: گائے کا قیمہ دھو کر اس میں پپیتا، کٹی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، زیرہ اور پسا ہواگرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کر لیں۔ 

اس کے ساتھ تلی ہوئی پیاز، دہی، ادرک اور لہسن کا پیسٹ ڈال کر 1/2 گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں مسالہ ملا قیمہ ڈال کر ہلکی آنچ پر 1/2 گھنٹے کے لیے پکائیں اور دیگچی ڈھانپ دیں۔

جب پانی خشک ہو جائے تو اس میں حسبِ ضرورت ہری مرچ اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر شامل کر دیں۔ 

آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم چپاتی یا پراٹھے سے کھائیں۔

چکن مسالہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اجزا: چکن 1 کلو، لہسن 8 سے 10 جوے، پیاز (موٹی کٹی ہوئی) 2 عدد درمیانی، ثابت لال مرچیں 10 سے 12 عدد، کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی) 1 چائے کا چمچ، ادرک کا ٹکڑا، دہی (پھینٹی ہوئی) 1 پیالی، سفید زیرہ 1 کھانے کا چمچہ، ثابت گرم مسالہ 1 کھانے کا چمچہ، تیل 1/2 پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے چکن کو نمک، کالی مرچ اور دہی لگا کر 1/2 گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ 

پیاز، ادرک، لہسن، زیرہ اور لال مرچوں کو ملا کر موٹا موٹا پیس لیں۔ 

دیگچی میں تیل کو 2 سے 3 منٹ تک درمیانی آنچ پر ہلکا گرم کر کے ثابت گرم مسالہ ڈالیں، تیل جب کڑکڑانے لگے تو پیسا ہوا مسالہ ڈال کر 4 سے 5 منٹ تک بھونیں۔

اب اس میں چکن ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر 3 سے 4 منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں اور پھر چو لہے سے اتار لیں۔ 

گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

خاص رپورٹ سے مزید