مشہور امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز نے منگیتر بینی بلانکو کی میک اپ کرنے کی مزاحیہ ویڈیو شیئر کر دی۔
سلینا گومز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ان کے منگیتر بینی بلانکو ان کا میک اپ کرنے کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں۔
تاہم یہ تجربہ ان کی توقعات کے مطابق نہیں رہا اور یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ان کی موسیقی کی مہارتیں بیوٹی سیلون میں زیادہ کام نہیں آئیں۔
ویڈیو کے آغاز میں بینی بلانکو کا اعتماد کچھ زیادہ نہیں تھا، میک اپ کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے غلطی سے کیمرا گرا دیا اور پھر جلدی سے اسے دوبارہ سیٹ کیا، جب انہوں نے پریسڈ پاؤڈر کا استعمال کیا تو سلینا نے خوش ہو کر کہا کہ یہ اچھا لگ رہا ہے، اب مجھے تم پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب بلانکو نے ایک لیکویڈ برونزر اٹھایا اور حیرانی سے پوچھا کہ یہ کیا چیز ہے؟ مجھے کیا کنٹور کرنا ہے؟
یہ سن کر سلینا نے فوراً اپنی آنکھیں بند کر لیں اور گھبراہٹ کا اظہار کیا۔
جب بلانکو نے زیادہ مقدار میں گہرے بھورے رنگ کا برونزر لگانے کی کوشش کی تو وہ صحیح طریقے سے بلینڈ کرنے میں ناکام رہے اور رنگ کو چہرے کے مزید حصوں پر پھیلا دیا۔
بینی نے جلد پر لیکویڈ بلش، ہائی لائٹر اور لِپ آئل لگایا، جس کے دوران سلینا کے تاثرات بار بار بدلتے رہے۔
جب وہ آخرکار اپنے کام سے مطمئن ہوئے تو انہوں نے فخر سے کہا کہ مجھے لگتا ہے میں کچھ نیا تخلیق کر رہا ہوں، اگر میں ان دونوں رنگوں کو مکس کر دوں تو یہ کافی اچھا لگے گا۔
سلینا کے آخری تاثرات سے لگ رہا تھا کہ وہ ان کی بات سے زیادہ اتفاق نہیں کر رہیں، البتہ اس مزاحیہ تجربے سے دونوں نے خوب انجوائے کیا۔
واضح رہے کہ دونوں نے حال ہی میں ایک میوزک البم میں کامیاب شراکت داری کی ہے۔
ان کا مشترکہ البم I Said I Love You First رواں ماہ 21 مارچ کو ریلیز ہو رہا ہے۔
یہ جوڑی سب سے پہلے 2023ء میں ایک ساتھ دیکھی گئی تھی، ڈیٹنگ کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد بینی بلانکو نے سلینا گومز کو شادی کی پیشکش کی تھی۔