کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ اتھارٹی ٹیموں کی کارروائیوں کے دوران کوئٹہ، گوادر اور لورالائی میں 35 سے زائد خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے جبکہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ایک فوڈ پوائنٹ کو سیل کر دیا گیا۔کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں انسپکشن کے دوران 7 دودھ فروشوں کو ملاوٹ دودھ فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ 8 میٹ اور پولٹری شاپس کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غیر صحت بخش گوشت کی فروخت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ دودھ اور دہی کی دکانوں سے نمونے لے کر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں ملاوٹی دودھ ضبط کر کے تلف کر دیا گیا۔علاوہ ازیں طوغی روڈ، ائیرپورٹ روڈ، مغربی بائی پاس، نوحصار، سمنگلی، قمبرانی روڈ، بلیلی اور نواں کلی سمیت مختلف علاقوں میں جنرل اسٹورز، سپر اسٹورز، سموسہ پکوڑا شاپس اور بیکریوں پر بھی چھاپے مارے گئے، جہاں سے زائد المیعاد اشیاء، ناقص رنگ اور ممنوعہ خوردنی مصنوعات برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔اسی طرح لورالائی میں قوانین کی خلاف ورزی پر 4 جبکہ گوادر میں بھی 4 خوراک کے مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عوام کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے انسپکشن ٹیمیں دن رات مصروف عمل ہیں۔ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ رمضان المبارک میں محفوظ اور معیاری خوراک کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔