سنہرے خواب آنکھوں میں سجائے برطانیہ کی سرزمین پر زندگی بسر کرنیکی خواہش رکھنا والا ایک اور غیر قانونی تارک وطن کشتی حادثے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی بحری حکام نے شمالی فرانس سے برطانیہ جانیوالی ایک چھوٹی کشتی انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ کویتی شہری کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا اور وہ دوران سفر ہی دم توڑ گیا، ہارٹ اٹیک آنے پر کشتی ساحل پر واپس لائی گئی مگر پولیس اور طبی ماہرین کی کوششوں کے باوجود وہ شخص جانبر نہ ہوسکا۔
رواں سال اب تک 6 افراد انگلش چینل عبور کرنے کی کوششوں کے دوران زندگیاں گنواچکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال کشتیاں ڈوبنے اور دیگر حادثات میں وسیع پیمانے پر ہلاکتیں سامنے آئیں۔
حکومت برطانیہ اور فرانس کی مشترکہ کاوشوں، متنازعہ قوانین کے متعارف کروائے جانے اور تمام تر سختیوں کے باوجود انگلش چینل عبور کرنیوالے غیر قانونی مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد پر حکومت قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے۔
علاوہ ازیں ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے تقریباً 1600 سے زائد غیر قانونی تارکین وطن چھوٹی کشتیوں پر سوار ہو کر انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کر چکے ہیں، صرف جمعہ کے روز 51 افراد داخل ہوئے ہیں۔
اب تک مجموعی طور پر رواں سال تقریباً 4 ہزار کے قریب افراد کراسنگ کر چکے ہیں جو اسی عرصہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد زائد شرح ہے۔