• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل وقت دیکھ لیا‘ اب نمو کی راہ پر گامزن ہیں‘ مشیر وزیر خزانہ

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہا ہے کہ مشکل وقت ہم دیکھ چکے ہیں‘ پائیدار استحکام اور نمو کی راہ پرگامزن ہوچکے ہیں ‘اب حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، معاشی استحکام کے بعد اب ٹیکس اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرعمل درآمد ہو رہا ہے‘ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے کے دھانے سے نکال کر درست سمت میں گامزن کر دیا گیا ہے، پاکستان میں آٹھ ماہ کی اوسط مہنگائی کی شرح 6فیصد کے قریب ہے، پنشن اصلاحات اور رائٹ سائزنگ کے حوالہ سے اقدامات ہورہے ہیں‘ ٹیکس کے نظام کو منصفانہ بنایا جارہا ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلہ میں بھی پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہے‘ انہوں نے کہا کہ حکومت تنخواہ دارطبقہ کو ریلیف فراہم کرنے پرکام کر رہی ہے‘سول سروس میں اصلاحات پر بھی کام ہو رہا ہے۔ ری ٹیل، ہول سیل ٹریڈ اور زرعی شعبہ کا ہماری معیشت کے مجموعی حجم میں تقریبا 45فیصد حصہ بنتا ہے جبکہ یہ شعبہ صرف دو فیصد کے قریب ٹیکس دے رہاہے، معیشت کا باقی 55فیصد حصہ مجموعی ٹیکسوں کا 98فیصد دے رہاہے، ٹیکس کے نظام کو منصفانہ بنانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید