جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد میں مسلح ڈاکوؤں کا خواتین اساتذہ کو اغوا کی کوشش، ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا صارفین کی جیکب آباد میں بدامنی اور پولیس کارکردگی پر شدید تنقید، پولیس نے واقع کا مقدمہ درج کرلیا تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود گاؤں سوڈو بنگلانی کے قریب اسکول جانے والی خواتین اساتذہ کی وین کو درجن سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے روک کر یرغمال بنالیا اور وین میں موجود خواتین اساتذہ اور ڈرائیور سمیت 9افراد کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر وین میں سوار سیکورٹی گارڈ نے بھاگ کر قریبی دیہاتیوں کو اطلاع دی دیہاتیوں کے پہنچنے پر ڈاکو فرار ہوگئے تھے، وین میں سوار ایک ٹیچر نے واقعہ کی ویڈیو ریکارڈ کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین اساتذہ ڈاکوؤں کی موجودگی میں شدید خوف کی حالت میں آیات کریمہ کا ورد کررہی ہیں۔ ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جیکب آباد ضلع میں بدامنی اور پویس کارکردگی پر شدید تنقید کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب واقع کا پولیس نے مچھو بنگلانی گینگ کے 8افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کیخلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔