کراچی(اسٹاف رپورٹر ) رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں بھی شہری پانی وبجلی کی طویل بندش کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ، چکرا گوٹھ کے رہائشیوں نے کورنگی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر کے احتجاج کیا جس کے باعث سڑک پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاجی مظاہرین نے سڑک کے دونوں ٹریک پر رکاوٹیں لگا دی ، دفاتر اورضروری کاموں سے نکلنے والے شہریگھنٹوں ر ٹریفک جام میں پھنسے رہے ،جبکہ مسافر بس میں سفر کرنے والے شہری پیدل اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے ۔ احتجاجی مظاہرین نے کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کے خلاف نعرے بازی کی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور ماہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی کے الیکٹر کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ جبکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی جارہی ہے ، سحری اور افطار کے اوقات میں بھی علاقے کی بجلی بند کردی جاتی ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی بندش کے ساتھ واٹر کارپوریشن نے بھی علاقے کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ بند کردیا ہے۔ احتجاج کی اطلاع پر علاقہ پولیس اور ٹریفک پولیس پہنچ گئی ، ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو متبادل راستوں پر بھیجا گیا تاہم علاقہ پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور بات چیت کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرکے سڑک کو ٹریفک کے لئے کھلوا دیا اور سڑک پر ٹریفک کی روانی کو بحال کروایا ۔