راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی نمائندہ، نامہ نگار خصوصی، ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن عمرے کی سعادت حاصل کرکے وطن واپس پہنچنے کے فوری بعد تعزیت کیلئے وفد کے ہمراہ دارالعلوم حقانیہ گئے۔ اس موقع پر تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالم دین کے خلاف بندوق اٹھانا جہاد نہیں دہشتگردی ہے، ایسے لوگ مجاہد نہیں قاتل اور مجرم ہیں،مولانا حامد الحق حقانی جیسے بے ضررانسان کو مسجد میں نشانہ بنانا سفاکیت ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے مہتمم جامعہ حقانیہ مولانا انوار الحق و نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع، سیاسی جانشین مولانا عبدالحق ثانی اور اساتذہ و مشائخ دارالعلوم حقانیہ سے تعزیت اور مولانا حامد الحق حقانی سمیت دیگر شہداء کے لئے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حامد الحق شہید اور دیگر کی شہادت نے ہم سب کو انتہائی غمزدہ کردیا ہے۔ دارالعلوم حقانیہ میری مادر علمی ہے، جس کی عزت و حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حامد الحق حقانی جیسے بے ضررانسان کو مسجد میں نشانہ بنانا سفاکیت اور درندگی ہے۔