اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک پولیس دفتر جانے اور چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکی،صبح کے اوقات میں دن گیارہ بجے تک اسلام آباد ایکسپریس وے پر اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوتی ہے اور جلد بازی کا مظاہرہ کرنے والے زگ زیگ چلا کر ٹریفک کو مزید گھمبیر کر دیتے ہیں ،80 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والی لینز میں زیادہ سے زیادہ رفتار 40کلومیٹر فی گھنٹہ رہ جاتی ہے اور دفاتر میں چھٹی کے وقت ٹریفک اسی طرح چلتی ہے۔ ادھر چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے شہر کی مختلف مساجد کا دورہ کیا اورنماز تراویح میں مساجد کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ کیپٹن (ر) سید زیشان حیدر اور ایس ایس پی انوسٹیگیشن عثمان طارق بٹ نے پولیس افسران کے ہمراہ ناکہ زیرو پوائنٹ پر روزہ افطار کیا۔