اسلام آباد (جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق المدارس کی پالیسی کے مطابق داڑھی نہ رکھنے کی بنا پر امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف دائردرخواست کوہدایات کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم کو 6 ماہ میں مدارس کو ریگولیٹ کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو قانون سازی کی تجویز بھیجنے اور ضوابط بنانے کی ہدایت کی ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ ڈی جی مذہبی تعلیم اور وزارت تعلیم مدارس کے لیے باقاعدہ قواعد و ضوابط بنانے میں ناکام رہی ہے، عدالت نے ہدایت کی کہ قانون میں دینی مدارس کے تعلیمی معیار، اساتذہ کی قابلیت، نصاب، داخلے اور امتحانی نظام سے متعلق اصول و ضوابط طے کیے جائیں ۔