کوئٹہ(پ ر) بلوچستان کے فلمی شعبے سے وابستہ معروف فلم میکرز جمیل احمد لہڑی، شاہ محمد کاکڑ اور صاحبزادہ عتیق اللہ نورزئی سمیت دیگر فنکاروں نے ایڈیشنل سیکرٹری محمد رمضان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلم میکرز کی کیٹگری مسترد کرنے کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور بلوچستان میں فلمی صنعت کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر فلم میکرز نے بلوچستان کے سینما اور فلم انڈسٹری میں کئے گئے اپنے کام کی تفصیلات بھی پیش کیں، جنہیں نہ صرف ملک کے دیگر حصوں میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری محمد رمضان نے فلم میکرز کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات اور سفارشات سیکرٹری ثقافت سہیل الرحمٰن تک پہنچائے جائیں گے۔ملاقات کے اختتام پر فلم میکرز نے محکمہ ثقافت میں فلم کے شعبے کو باضابطہ طور پر شامل کرنے کے لئے درخواست بھی جمع کرائی، جس پر ایڈیشنل سیکرٹری نے یقین دلایا کہ اس پر جلد لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور فنکاروں کو پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔