کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سریاب کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ بی اینڈ آر کی جانب سے رئیسانی روڈ کلی شیخان کی تعمیر سے قبل مختلف پائپ لائنوں بالخصوص واٹر سپلائی سکیمات سے برانچ اور مین لائنوں و گیس پائپ لائن کی بچھائی ،فائبر اور پی ٹی سی ایل کے نیٹ کیبل وغیر ہ ودیگر تاروں کی بچھائی کا کام مکمل کرنا ضروری ہے۔ روڈ کی تعمیر کے بعد روزانہ کھدائی کرنے سے روڈ کی توڑ پھوڑ ہوگی جس سے عوامی خزانے کی خطیر رقم نہ صرف ضائع ہوگی بلکہ سڑک دوبارہ کھنڈرات میں تبدیل ہوگی۔ بیان میں کہا گیا کہ محکمہ بی اینڈ آر اپنے نقشے کو مکمل کرکے تمام عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے سڑک کی تعمیر مکمل کرے ۔ سڑک کے اطراف میں نالے بنائے گئے اور گھروں کے نلکو ں کو کاٹ دیا گیا ۔ محکمہ واسا کو چاہئے کہ وہ فنڈز ریلیز کراکر فوری طور پر پائپ لائنوں کی بچھائی کو یقینی بنائے ،اسی طرح گیس کی برانچ لائن سے کنکشن دوبارہ بحال کئے جائیں اور سوئی سدرن گیس کمپنی ہنگامی بنیادوںپر اپنی ذمہ داریاں مکمل کرے ۔ بیان میں کمشنر کوئٹہ اور سیکرٹری بی اینڈ آر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔