• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمیندار ایکشن کمیٹی نے حکومت کو 10 دن کا الٹی میٹم دیدیا

کوئٹہ(پ ر)زمیندار ایکشن کمیٹی نے حکومت کو 10 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 20 مارچ تک زمینداروں کو سولر کی رقم نہیں ملی تو بلوچستان کی تمام قومی شاہراہیں بلاک کی جائیں گی، وفاقی حکومت کیسکو کی غلط بیانی پر بلوچستان کے زمینداروں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی ترک کرے، جن اضلاع کے ٹیوب ویلز کی رقوم اب تک نہیں ملی وہاں فوری طور پر8 گھنٹے بجلی مکمل وولٹیج کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی کے منصوبے پر کام جاری ہے اس دوران بجلی کی 6 گھنٹے فراہمی کا وعدہ ہوا تھا لیکن وہ اب 2 گھنٹے بھی بجلی فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے زراعت کا شعبہ تباہی کا شکار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سولر منصوبے کے حوالے سے بلوچستان حکومت کی جانب سے پہلے فیز کی ادائیگی کو بھی 3 مہینے ہونے کو ہے اگر کیسکو پہلے فیز کے کنکشنز کا سامان نہیں اٹھا سکی تو پھر ان کی نااہلی کا ملبہ زمینداروں پر کیوں گرایا جا رہا ہے اور وفاق کے کان جھوٹ اور غلط معلومات کے ذریعے بھرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیسکو بلوچستان کے زمینداروں کو تباہ کرکے ہی چھوڑے گی ۔وفاق اگر واقعی زراعت کیلئے سنجیدہ ہے تو کیسکو کے جھوٹ و غلط بیانی پر کان دھرنے کی بجائے حقائق دیکھے، ترجمان نے کہا کہ کیسکو نے پہلے ڈس کنکشن کیا پھر ڈس منٹیلنگ کیا جبکہ کیسکو کی استعداد اتنی نہیں ہے کہ وہ سارے ٹرانسفارمرز بروقت اٹھا سکے جس کی وجہ سے 4 ماہ سے زمینداروں کو سولر کی رقوم کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سبزی جات و فصلات پانی کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اب رکھے ہوئے ہیں جن کو اب پانی کی سخت ضرورت ہے جبکہ وقت بھی گزر رہا ہے،اس وقت سیب کی ساڑھے 12 لاکھ ٹن، 5 لاکھ ٹن پیاز، 4 لاکھ ٹن انگور، 6 لاکھ ٹن کھجور، ٹماٹر کی فصلات جس کی مجموعی مالیت 600 ارب روپے سے زائد ہیں کا زمینداروں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کا نمائندہ اجلاس 18 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ چیئرمینوں، جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کی میٹنگز بلائیں اور احتجاج و سڑک بلاک سے متعلق مکمل تیاری کریں۔ زمیندار ایکشن کمیٹی مطالبہ کرتی ہے کہ 20 مارچ تک سولر منصوبے کی رقم کی ادائیگی یقینی بنائیں،جن ٹیوب ویلز کی سولر منصوبے کی رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے انہیں کم سے کم 8 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بصورت دیگر 20 مارچ کو بلوچستان کی تمام قومی شاہراہیں احتجاجاً بلاک کردی جائیںگی۔ ترجمان نے کہا کہ عوام، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری، سیاسی جماعتوں، وکلاء برادری و سول سوسائٹی سے اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔
کوئٹہ سے مزید