کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن (ر) کے مرکزی کابینہ کا اجلاس حاجی نور محمد شاہوانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکریٹری جعفرخان کاکڑ، سینئرنائب صدر حاجی عبد المجید بنگلزئی ،حاجی عطا اللہ کاکڑ، حاجی روزی خان مندو خیل، سہیل خان کاکڑ ،حاجی ظاہر شاہ یوسفزئی، حاجی باری داد کاکڑ، حاجی محمد گل کاکڑ،محمد حسین کاکڑ، حاجی احمد شاہ مری ،حاجی ابراہیم پرکانی، حاجی محمد اسماعیل لہڑی اورحاجی نیاز خلجی نے شر کت کی۔ اجلاس میں پرانے کارڈکو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور نئے کارڈز کے حصول کےلیے نئی شرائط کے تحت دو عدد تصویر، ایک شناختی کارڈ فوٹو کاپی مرکزی دفتر میں جمع کرائیں اور ہر عہدیدار و ممبرنے بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے آئین اور ڈسپلن پر پابندی کیساتھ گڈز ٹرانسپورٹروں کی دن رات خدمت کرنا ہوگا۔ مرکزی کابینہ کے ارکان کو بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیاکہ ہر مرکزی عہدیدار روزانہ کی بنیاد پر مرکزی سیکرٹریٹ میں کم از کم تین گھنٹے کام کرنے کا پابند ہوگا۔ حاضری رجسٹرڈ پر دستخط کرنے ہوں گے اور کوئٹہ سے باہر جانے یا کسی کام کےلیے چھٹی کےلیے مرکزی آفس سیکرٹری سے رابطہ کرنے کا پابند ہوگا۔ دفتر میں ڈیوٹی و کام نہ کرنے پر عہدیدار کو عہدے سے فارغ کردیا جائے گا۔ کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر اضلاع کے ممبران اپنے ممبر شپ کارڈ کے حصول کیلئے اپنے ضلعی جنرل سیکرٹری سے رابطہ کریں ممبر شپ کارڈ کی تبدیلی کا مقصد گڈز ٹرانسپورٹروں کی خدمات آئین و ڈسپلن پر کاربند ہونے کےلیے نئی شرائط اور اصولوں پر پابند کرانا ہے۔ کسی بھی عہدیدار کواپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور تجاوز کرنے پر نوٹس دیا جائے گا حاجی نور محمد شاہوانی نے ایسوسی ایشن کو فعال بنانے کیلئے عید الفطر کے بعد کمیٹیاں بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی مرکزی رہنماؤں کی قیادت میں بنائی جائیگی اور یہ کمیٹیاں بلوچستان کے تمام ضلعوں کا دورہ کرکے بلوچستان کے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کریں گے۔