کوئٹہ (پ ر ) فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کوئٹہ ریجن میں بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ،جس میں طلبا اور اساتذہ نے بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر 3000 سے زائد درخت لگائے گئے۔ شجر کاری کا باقاعدہ آغاز ریجنل ڈائریکٹر کوئٹہ ریجن، لیفٹننٹ کرنل عبدالمصطفےٰ نے ایف جی پبلک اسکول مدرسہ روڈ کوئٹہ کینٹ میں درخت لگا کر کیا، ایف جی ای آئی کے تمام تعلیمی اداروں کے پرنسپلز نے بھی اپنے اداروں میں درخت لگائے، لیفٹننٹ کرنل عبدالمصطفےٰ نے شجر کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ماحولیات کے تحفظ اورسر سبز پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس شجر کاری مہم کا مقصد نہ صرف ماحول کو بہتر بنانا تھا بلکہ طلبا میں درختوں کی اہمیت اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی بھی بڑھانا تھا۔ اس موقع پر طلبا نے انتہائی جوش و خروش سے حصہ لیا اور درخت لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی عزم کا اظہار کیا۔ لیفٹننٹ کرنل عبدالمصطفےٰ نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبا کو قدرتی ماحول کے ساتھ جڑنے اور اس کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ اس مہم کے ذریعے نہ صرف کوئٹہ ریجن بلکہ پورے ملک میں درختوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ آلودگی کی سطح کو کم کیا جا سکے اور قدرتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔ شجر کاری مہم دیگر تعلیمی اداروں کے لیے ایک نمونہ ہے اور امید کی جاتی ہے کہ اس طرح کے اقدامات پورے ملک میں فروغ پائیں گے تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔