شامی حکومت کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے خانہ جنگی کی وجہ سے پیش آنے والے پُرتشدد واقعات کی تحقیقات شروع کر دیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شام میں انتقامی کارروائیوں کو روکا جائے گا، شامی حکومت انصاف اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے پر کام کر رہی ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ترجمان یاسر الفرحان نے کہا ہے کہ پُرتشدد واقعات کے ذمے داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سیریئن آبزرویٹری کے مطابق بشار کے حامیوں اور سیکیورٹی فورسز کی جھڑپوں میں 1225 شہری ہلاک ہوئے، جبلہ اور آس پاس کے ہزاروں افراد روسی ایئر بیس میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہریوں کے خلاف تشدد کے الزام میں حکام نے 7 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں ہلاک افراد کو فرقہ ورانہ بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہے۔