راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی کی قیمتوں میں ہوش رباء اضافہ کے بعد اب چکن کی قیمتوں میں بھی حیران کن اضافہ کر دیا گیاجس کے بعد اب چکن بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا ہےجبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مکمل طور پر بے بس ثابت ہو رہے ہیں۔ شہر کی اوپن مارکیٹ میں زندہ مرغی 530 روپے فی کلو تک اور مرغی کا گوشت 850روپے تک دھڑلے سے فروخت کیا جارہا ہے۔دوسری جانب سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق زندہ مرغی کا پرچون ریٹ 412 روپے مقرر ہے لیکن شہر میں اس قیمت پر کہیں سے بھی مرغی خریدنا نا ممکن ہو چکا ہے۔ ادھر اس حوالے سے چکن ریٹیلرز یونین کے سیکرٹری فیصل کا کہنا تھا کہ چکن کے ہو ل سیل ریٹ روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہے ہیں۔ پولٹری ایسو سی ایشن راولپنڈی کے نائب صدر خورشید نے کہا کہ ماہ رمضان میں چکن کی خریداری میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہےجبکہ سپلائی معمول سے بھی کم ہے اور اگر سپلائی میں بہتری نہ لائی گئی تو عید الفطر تک چکن کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔