بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا نے شوہر ظہیر اقبال سے متعلق سوشل میڈیا تنقید پر جواب دیا اور کہا ’تھوڑا صبر کریں‘۔
سوشل میڈیا پر سوناکشی سنہا کے حوالے سے ٹرولرز نے کہا کہ شوہر ظہیر اقبال نے اداکارہ کے ساتھ ہولی نہیں منائی ہے۔
دبنگ گرل نے انسٹاگرام پر اپنی ہولی کے موقع کی تصاویر پوسٹ کیں، جن پر انہیں بے شمار تبصرے موصول ہوئے، جن میں شوہر ظہیر اقبال سے متعلق استفسار کیا گیا۔
سوناکشی سنہا نے جمعے کے روز یعنی ہولی کے موقع پر ایک پوسٹ شیئر کی اور مداحوں کو ہولی کی مبارک باد پیش کی، ان تصاویر میں اداکارہ کو اکیلے ہولی مناتے دکھایا گیا ہے۔
تصاویر میں سوناکشی سنہا نے ہولی کے موقع پر سفید لباس زیب تن کیا، وہ دھوپ میں کھڑی ہیں اور ان کے چہرے پر گلال لگا ہوا ہے، جس کے کیپشن میں درج ہے ’ہیپی ہولی، رنگ برساؤ، خوشیاں مناؤں۔
اس پوسٹ پر جلد ہی تبصروں کی بھرمار ہوگئی، انہیں پوسٹ کے تبصرے محدود کرنا پڑگئے اور ناقدین کو جواب دینا پڑا، جو تصاویر کی بنیاد پر یہ کہہ رہے تھے کہ اُن کے ساتھ شوہر ظہیر اقبال موجود نہیں تھے۔
ایک تبصرے میں کہا گیا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں ظہیر نے اداکارہ کے ساتھ ہولی نہیں منائی اور کہا کہ آپ کے والد راضی ہوگئے لیکن آپ کے شوہر ہرگز راضی نہیں ہوں گے۔
ایک صارف نے سوناکشی سنہا کو ہولی کے بجائے رمضان منانے کا مشورہ دیا۔ تو کچھ نے انہیں کہا کہ شادی کے بعد کی پہلی ہولی تو آپ دونوں کو اکٹھے منانی چاہیے۔
ان جیسے کئی تبصروں کے جواب میں اداکارہ نے لکھا کہ تھوڑا صبرکریں، ظہیر ممبئی میں ہے اور میں شوٹ پر ہوں، اس لیے ساتھ نہیں ہوں، تھوڑا ٹھنڈا پانی سر پر ڈال لو۔
اس پر ظہیر اقبال نے تبصرہ کیا اور لکھا ’مس یو بے بی‘۔
یاد رہے کہ سوناکشی اور ظہیر اقبال نے گزشتہ سال جون میں ممبئی میں ایک پرائیویٹ تقریب میں شادی کی تھی۔