ماہِ رمضان میں دن بَھر بُھوکا، پیاسا رہنے کے بعد ہر فرد کی کوشش ہوتی ہے کہ افطار دسترخوان قدرت کی عطاء کردہ مختلف نعمتوں سے سجا ہوا ہو، جنہیں کھا کر وہ اللّٰہ تعالیٰ کا شُکر بجا لائے۔
یہی وجہ ہے کہ خواتینِ خانہ ہر روز افطار دسترخوان میں کچھ نئی ڈِشز کے اضافےکی کوشش کرتی ہیں، اکثر خواتین اِس حوالے سے پریشان بھی رہتی ہیں کہ آج کون سی نئی ڈِش ٹرائی کی جائے۔
خواتینِ خانہ کی اِسی الجھن کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم گجراتی دہی بڑے کی ترکیب پیش کر رہے ہیں۔
ماش کی دال ڈیڑھ کپ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل تلنے کے لیے، دہی 1 کلو، املی کی میٹھی چٹنی حسبِ ضرورت، ناریل پسا ہوا 1/2 چائے کاچمچ، ہرا دھنیا 1/2 گڈی باریک کٹا ہوا، نمک 1 چائے کا چمچ، لال مرچ 1 چائے کا چمچ، چاٹ مسالہ 1 کھانے کا چمچ، بگھار کے لیے تیل 2 کھانے کے چمچ، رائی 1 کھانے کا چمچ، کڑی پتہ 2 ڈنڈی۔
ماش کی دال 2 سے 3 گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر اس کا پانی نکال کر پیس لیں (دال بالکل باریک نہ ہو، دانے دار رہنی چاہیے)، اس میں نمک ملالیں۔
اب کڑاہی میں تیل گرم کریں اور بڑے بڑے پکوڑے بالکل ہلکے ہاتھ سے ڈال کر فرائی کر لیں، گولڈن ہو جائیں تو نکال کر ایک کُھلے برتن میں پانی میں ڈال دیں۔
اس کے بعد دہی میں صرف چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔
اب ایک ڈش لیں اور پکوڑوں کو دونوں ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبا کر پانی نچوڑ لیں، ڈش میں یہ پکوڑے رکھیں، اوپر دہی ڈالیں، پھر اس پر املی کی میٹھی چٹنی، ناریل، لال مرچ، چاٹ مسالہ، رائی، کڑی پتے کا بگھار اور ہرا دھنیا ڈال دیں۔