کوئٹہ (آ ن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بنگلزئی قبیلے کے سربراہ سردار نور احمد بنگلزئی نے کہا ہے کہ مستونگ ضلعی انتطامیہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے بھتہ خوری کی روک تھام کے اعلانات اور احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے نت نئے طریقوں سے بھتہ خوری کرکے عوام کو حکومت کے خلاف ورغلانے میں مصروف عمل ہے، وزیرا علیٰ بلوچستان کو انتظامیہ کے اقدامات کا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ وزیر اعلیٰ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو میں کیا۔ سردار نور احمد بنگلزئی نے کہا کہ سرفراز احمد بگٹی صوبے کے وزیر اعلیٰ اور چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے معاملات اور صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھاتے ہیں ،بیورو کریسی اور انتظامیہ کو عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے لئے جو بھی احکامات دیتے ہیں وہ حکومتی احکامات ہوتے ہیں جس طرح انہوں نے مستونگ اور صوبے میں چیک پوسٹوں اور دیگر مقامات پر بھتہ خوری کو ختم کرنے کے واضح احکامات دینے کے ساتھ اعلانات کئے لیکن مستونگ اور مختلف علاقوں میں موجود انتطامی افسروں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات اور اعلانات کو ہوا میں اڑادیا ہے، جس کا وزیر اعلیٰ بلوچستان کو نوٹس لیتے ہوئے حکم عدولی کرنے والے انتظامی آفیسران کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لانی چاہئے تاکہ لوگوں کو ان کی بھتہ خوری سے چھٹکارا مل سکے اور حکومت کی رٹ برقرار رہے ۔