• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر پولیس کا کریک ڈاؤن موٹر سائیکل چھیننے اور چوری میں ملوث سات افراد گرفتار

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ایس پی صدر ڈویژن سید طلال شاہ نے کہا ہے کہ صدر سرکل پولیس نے موٹرسائیکل چھیننے اور چوری کرنے والے گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو گروہ کےسات افراد کو گرفتار کر کے چوری اور چھنی گئیں 14موٹرسائیکلیں جبکہ 12موٹرسائیکلوں کے اسپیر پارٹس قبضے میں لے لئے ملزمان موٹرسائیکلوں کو کاٹ کر پارٹس 120روپے کلو میں فروخت کرتے تھے 150سے زائد موٹرسائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے برآمد ہونے والی موٹرسائیکلیں متاثرہ مالکان کے حوالے کی جا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائیر پورٹ تھانے میں ایس ڈی پی او صدر شوکت جدون اور ایس ایچ اوز نصیب اللہ ٗ ایس ایچ او عادل شاہ ٗ سابق ایچ ایس او عبدالحئی گرانی ٗ محمد ناصر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ایس پی نے بتایا کہ کوئٹہ شہر میں موٹرسائیکلیں چھیننے اور چوری کے واقعات میں اضافہ کا آئی جی پولیس محمد طاہر اور ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر صدر سرکل کے ایس ڈی پی او شوکت جدون کی سربراہی میں ایس ایچ او صدر ٗ خروٹ آباد ٗ امیر محمد دشتی اور بروری ایس ایچ او پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے موٹرسائیکل چھیننے اور چوری میں ملوث دو گروہ کا سراغ لگایا اور خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں گروہ کے سات ملزمان گل زیب ٗ شبیر احمد ٗ حسیب ٗ طارق ٗحیات اللہ ٗ دولت خان اور جمیل احمد کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے چوری اور چھینی گئیں 14موٹرسائیکلیں ٗ اور 12موٹرسائیکلوں کے پرزہ جات ٗ فریم برآمد کر لئے انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ وہ موٹرسائیکلوں کوکاٹ کر ان کے اسپیر پارٹس کو 120روپے کلو میں فروخت کرتے تھے اب تک 150سے زائد موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے کا انکشاف کیا ہے انہوں نے بتایا کہ ایک گروہ کا سرغنہ فرار ہے جس کی گرفتاری کیلئے ٹیم چھاپے مار رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات ہیں عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر ڈویژن کے تمام ایس ایچ اوز چار گھنٹے صرف مسائل کے حل کیلئے تھانوں میں موجود رہتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بچے کے اغواء کی وائرل ہونے والی ویڈیو کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے جلد ہی حقائق عوام کے سامنے آجائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے والے گروہوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور انویسٹی گیشن کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کی ہے تھانہ کلچر کے خاتمے کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہوئے آئی جی پولیس کی جانب سے شکایت سیل قائم کیا گیا ہے جس میں وہ براہ راست شکایت درج کراسکتے ہیں اور تین دن میں شکایت پر کارروائی کی جاتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ماتحت آفیسران اور عملے کو عوام سے اچھا برتاؤ کرنے کی واضح ہدایت دے رکھی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے برآمد ہونے والے موٹر سائیکل متاثرہ مالکان کے حوالے کئے۔
کوئٹہ سے مزید